کراچی (اسٹاف رپورٹر) گٹکا مین پوری بنانے والوں کیلئے دس سال قید کی سزا تجویز ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں تجویز دی ہے کہ گٹکا مین پوری بنانے والوں کیلئے دس سال قید کی سزا رکھی جائے تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر عبرت حاصل کرسکیں،انہوں نے سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں دیگر اراکین کو بتایا کہ صوبہ بھر میں گٹکا اور مین پوری کے استعمال اور تیاری پر مکمل پابندی لاگو ہے،اس سلسلے میں گٹکا مین پوری بل میں سخت سزا کی تجاویز پیش کی گئیں،مزید برآں گٹکا،مین پوری بل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جسے جلد اسمبلی میں پیش کرنے اور منظوری کے بعد صوبے بھر میں نافذ العمل کردیا جائے گا،صوبائی مشیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں اور عوام کی جانوں اور صحت سے کھیلنے والے سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کریں،انہوں نے کہا کہ بل میں اس امر کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ گٹکا مین پوری کے قانون کا غلط استعمال نہ کیا جائے اور اگر پولیس کی جانب سے اس کو غلط استعمال کیا گیا تو ان اہلکاروں کے لیے تین سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے،اجلاس میں پیر مجیب الحق ، قاسم سومرو ، ویر جی کولہی سمیت اراکین اسمبلی و افسران نے شرکت کی۔